صحافی برادری کی مشکلات کم کرنے کیلئے شب وروز کوشاں، شوکت یوسفزئی
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ صحافی برادری کی مشکلات کے خاتمے اور ان کے لیے صحافتی امور میں آسانی پیدا کرنے کے لیے مثبت اقدامات اٹھا رہے ہیں صحافیوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرانے اور صحافت کے میدان میں ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کے لیے صحافی برادری کے لیے تربیتی پروگراموں کا انعقاد یقینی بنائیں گے تاکہ عوام کے مسائل مثبت رپورٹنگ کے ذریعے حکومت تک بروقت اور مزید موثر طریقے سے پہنچ سکیں۔ پریس کلب کا بروقت انتخابات کو یقینی بنانا قابل تعریف ہے ایسے اقدامات سے مثبت تبدیلیاں آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر بالا ڈسٹرکٹ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے پشاور میں حلف لیتے ہوئے کیا۔حلف برداری تقریب میں سیکرٹری اطلاعات سید امتیاز حسین شاہ، ڈی جی انفارمیشن امداد اللہ، پشاور پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ اور دیر بالا پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے تمام ممکن کوششیں کر رہے ہیں صحافیوں کی صحت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہیلتھ کارڈ کے اجرا کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پریس کلبوں کی سالانہ گرانٹ کو پالیسی کے تحت یقینی بنایا جائے گا تاکہ پریس کلبز کے معاشی مسائل حل ہو سکیں۔ صوبائی وزیر نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردارذمہ داری کے ساتھ ادا کریں تاکہ حکومت کو معاشرے کی اصلاح اور مسائل کے حل میں آسانیاں پیدا ہو۔