’حکومت یہ دو کام کردے ان کیخلاف کیس واپس لے لوں گا‘رانا ثنا اللہ میدان میں آگئے،نیا مطالبہ بھی کردیا

’حکومت یہ دو کام کردے ان کیخلاف کیس واپس لے لوں گا‘رانا ثنا اللہ میدان میں ...
’حکومت یہ دو کام کردے ان کیخلاف کیس واپس لے لوں گا‘رانا ثنا اللہ میدان میں آگئے،نیا مطالبہ بھی کردیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر اے این ایف کہیں ہمارے پاس کوئی ویڈیو نہیں ہے اور ہم نے کسی شخص کو نہیں پکڑا تو بھی ہم اپنا کیس واپس لے لیں گے۔رانا ثنا اللہ نے مڈٹرم الیکشن کا نیا مطالبہ بھی کردیا ہے۔

انہوں نے کہا ان کی گرفتاری کے بعد دعویٰ کیا گیا کہ مکمل تحقیقات کی گئیں اورایک شخص کو پکڑا گیا جس کے ذریعے رانا ثنا اللہ کو پکڑا گیا؟انہوں نے سوال اٹھایا کہ کہاں ہے وہ شخص؟ پھر کہاگیا کہ ہمارے پاس ویڈیو ہے، پھر وہ ویڈیو دکھا دیں،کیوں نہیں دکھایاجارہا؟‘ رانا ثنا اللہ نے کہاحکومت بندے اور ویڈیو پیش کرے ورنہ معافی مانگے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے پراسیکیوٹرنے عدالت میں بیان دیا ہے کہ اگر یہ کہیں ہمارے پاس کوئی ویڈیو نہیں ہے اور ہم نے کسی شخص کو نہیں پکڑا تو بھی ہم اپنا کیس واپس لے لیں گے۔ دوسری صورت میں ہم ہر فورم پر کھڑے رہیں گے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ وہ کہیں بس جو ہوگیا سو ہوگیا اب آگے بڑھیں تو ایسا نہیں ہوگا‘۔

انہوں نے کہا مریم نواز کو جھوٹا مقدمہ درج کرکے گرفتار کیاگیا۔ انہیں غیر قانونی طور پرای سی ایل لسٹ پر ڈالا گیا ۔ چاہے ساری دنیا اور سارا خاندان میاں نواز شریف کے پاس ہو مریم نواز کا حق بنتا ہے کہ وہ وہاں اپنے والد کی تیمار داری کیلئے جائیں۔مریم کی سیاسی نقل و حرکت پر پابندی لگانا بدترین سیاسی انتقام ہے۔

انہوں نے یہ بھی کا کہ ان کی پارٹی دوبارہ الیکشن چاہتی ہے، جلد سے جلد مڈٹرم الیکشن کرائے جائیں۔انہوں نے اپنے خلاف چلتے کیسز پر کہا کہ یہ جنگ انصاف کے حصول تک جاری رہے گی۔ نام نہاد ریاست مدینہ سے انصاف لیں گے۔ اتحادیوں کو چھوڑیں ان سے بیس کروڑ عوام بھی ناراض ہے۔

واضح رہے رانا ثنا اللہ کو منشیات سمگلنگ کیس میں گرفتار کر کے چھ ماہ تک قید رکھا گیا تھا۔ اس دوران وزیربرائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس ویڈیو شواہد موجود ہیں جو رانا ثنااللہ کو مجرم ثابت کرتے ہیں تاہم وہ چھ ماہ تک یہ شواہد عدالت پیش نہیں کرسکے ہیں جبکہ رانا ثنا اللہ کو لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کررکھا ہے۔

شا ہد خاقان، سعد رفیق احسن اقبال سب جلد رہا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف معاشرے میں تلخیاں پیدا کررہی ہے۔

مزید : اہم خبریں /قومی