راولپنڈی ٹیسٹ، بابراعظم اور شان مسعود کی عمدہ سنچریاں، قومی ٹیم کے 3 وکٹوں پر 258 رنز، 109 رنز کی برتری حاصل

راولپنڈی ٹیسٹ، بابراعظم اور شان مسعود کی عمدہ سنچریاں، قومی ٹیم کے 3 وکٹوں پر ...
راولپنڈی ٹیسٹ، بابراعظم اور شان مسعود کی عمدہ سنچریاں، قومی ٹیم کے 3 وکٹوں پر 258 رنز، 109 رنز کی برتری حاصل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کیخلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک بابراعظم اور شان مسعود کی عمدہ سنچریوں کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا کر 109 رنز کی برتری حاصل کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف 2 کے مجموعی سکور پر عابد علی بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہو گئے۔ اوپنر شان مسعود اور کپتان اظہر علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 93 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر اظہر علی بھی 34 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔
پاکستانی ٹیم کو تیسرا نقصان 205 کے مجموعی سکور پر شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 160 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور چائے کے وقفے سے چند لمحات قبل ہی تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ شان مسعود کے آﺅٹ ہونے کے بعد اسد شفیق اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 137 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 342 رنز تک پہنچا دیا۔
بابراعظم 192 گیندوں پر 1 چھکے اور 19 چوکوں کی مدد سے 143 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ اسد شفیق 111 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر کریز پر ہیں جو تیسرے روز ادھوری اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ پاکستان کو بنگلہ دیش کیخلاف 109 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے جس کے باعث قومی ٹیم کی میچ پر گرفت بھی مضبوط ہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ابوجید اب تک کے سب سے کامیاب باﺅلر ہیں جنہوں نے 13 اوورز میں 35 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تیج الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے محمد متھون نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال 3، سیف حسین 0، نجم الحسین 44، مومن الحق 30، محمود اللہ 25، لٹن داس 33، تیج الاسلام 24 اور روبیل حسین 1 سکور بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے انتہائی عمدہ باﺅلنگ کے ذریعے 53 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باﺅلر محمد عباس اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ حارث سہیل 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

مزید :

کھیل -