کاشانہ سکینڈل، بیاہی جانے والی کائنات کا پراسرار طور پر انتقال، ہرآنکھ نم

کاشانہ سکینڈل، بیاہی جانے والی کائنات کا پراسرار طور پر انتقال، ہرآنکھ نم
کاشانہ سکینڈل، بیاہی جانے والی کائنات کا پراسرار طور پر انتقال، ہرآنکھ نم

  



لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کے کاشانہ ہاﺅس سے بیاہ کر جانے والی کائنات دو روز قبل ایدھی سینٹر میں پراسرار طور پر انتقال کر گئی تھی۔ اس کی نوجوان عابد حسین سے جون 2019 میں شادی ہوئی تھی، کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کا کہنا ہے کہ یہ شادی کائنات کی پسند سے ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق کائنات کی شادی کے ایک ماہ بعد ہی گھریلو ناچاقی شروع ہو گئی تھی، اسی پریشانی میں اس نے 29 جولائی 2019 کو مبینہ طور پر بلیچ پی لیا تھا، اسے ہسپتال پہنچایا گیا۔ کائنات کی جانب سے بلیچ پینے اور شوہر کے ساتھ نہ رہنے کا بیان تھانہ باغبانپورہ میں درج ہے۔پولیس کے مطابق ایک مرتبہ پھر طبیعت خراب ہونے پر کائنات کو 4 فروری کو گنگا رام ہسپتال لایا گیا تھا۔ طبی امداد کے بعد اسے واپس ایدھی سینٹر ٹاﺅن شپ بھجوا دیا گیا جہاں وہ پانچ فروری کو انتقال کر گئی۔

پولیس کے مطابق کائنات گنگا رام ہسپتال سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھی گئی، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کے مطابق کائنات کو داخل نہیں کیا گیا اور دروازے سے ہی سروسز ہسپتال بھجوا دیا گیا جہاں سے وہ ایدھی سینٹر واپس چلی گئی۔پولیس کے مطابق کائنات کے شوہر کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کرا لیا گیا رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی وجہ سامنے آئے گی۔

دوسری جانب کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کا کہنا ہے کہ کائنات کی شادی انہوں نے کرائی تھی اور یہ شادی کائنات کی پسند سے ہوئی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ کاشانہ میں لڑکیوں کے غلط استعمال کی جو شکایات کی تھیں، کائنات بھی اس کی اہم گواہ تھی اور میں کہتی رہی ہوں کہ لڑکی کی پروٹیکشن ہونی چاہیے۔افشاں لطیف کا کہنا تھا کہ انہیں بھی یہی بتایا گیا کہ کائنات نے بلیچ پی لیا تھا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور