پاکستان تحریک انصاف یو اے ای کے نومنتخب ارکان کی تقریب حلف برداری

پاکستان تحریک انصاف یو اے ای کے نومنتخب ارکان کی تقریب حلف برداری
پاکستان تحریک انصاف یو اے ای کے نومنتخب ارکان کی تقریب حلف برداری

  



دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کے حالات اتنے برے نہیں ہیں جتنا بتایا جاتا ہے، سوشل میڈیا سے زیادہ تر منفی پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور گند پھیلایا جارہا ہے جسے صاف کرنے اور کنٹرول کرنے کا وقت آگیا۔ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بالکل صحیح سمت کی طرف جارہا ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بہت جلد پاکستان کے لوگوں کو خوش خبریاں اور اچھے ثمرات ملیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف متحدہ عرب امارات کی تنظیم نو کے حلف برداری کی تقریب کے دوران پی ٹی آئی کے مقررین نے کیا جن میں سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ، ڈپٹی سیکرٹری او آئی سی مڈل ایسٹ میاں اویس انجم وزیراعلیٰ پنجاب کے ایڈوائزر عمر فاروق اور رانا شہباز خان شامل تھے۔ تقریب حلف وفاداری کا اہتمام پی ٹی آئی یو اے ای نے کیا تھا جس میں پی ٹی آئی یو اے ای کے صدر خواجہ آصف کلیم، سینئر نائب صدر فرزانہ چغتائی، جاوید اقبال چودھری صدر پی ٹی آئی دبئی، سیکرٹری انفارمیشن یاسمین کنول، صبیحہ سیف، چودھری امجد اقبال امجد، نواز خان جدون، عبدالکریم آفریدی، عزیز اللہ خان، زاہد چودھری، کلیم بخاری، ملک عادل ندیم، عمران قیصر، امیر غنی، روبینہ وٹو، حلیم شاہ، اسلم سرکانی، چودھری اظہر، عرفان اکرم، مسز شہناز خانم، عبدالرحمن اور دیگر متعدد ارکان پی ٹی آئی نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد شعیب نے حاصل کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض یاسمین کنول نے بطریق حسن ادا کیے۔ نعت اسما فاطمہ نے پڑھی۔ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مقرریب نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا نام پوری دنیا میں احترام سے لیا جائے گا اور پاکستان کا نام بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا۔ عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ ملک میں آٹا، چینی کے جو مصنوعی بحران پیدا کئے گئے ان پر قابو پالیا گیا ہے اور بحرانوں کے ذمہ داران کو سزا بھی دی گئی ہے۔

مقررین نے کہا کہ ہمیں عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانا ہے اورملک و قوم کی مضبوطی و استحکام کے لئے ان کے سنگ سنگ چلنا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کا مقصد ہر پاکستانی کو روزگار، انصاف اور اچھامستقبل دنیا ہے جس کے لئے حکومت پوری ذمہ داری سے کام کررہی ہے۔ پی ٹی آئی کی حلف بردار ٹیم نے اعلان کیا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت کریں گے اور پوری دنیا میں پاکستان کے سافٹ امیج کوبھاریں گے۔ نومنتخب ارکان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ پی ٹی آئی کو مضبوط کر کے عمران خان کے دست و بازو بنیں گے اور استحکام پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید : عرب دنیا /تارکین پاکستان