وزیر اعظم عمران خان نے بنیادی ضرورت کی اشیاءکی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کردی

وزیر اعظم عمران خان نے بنیادی ضرورت کی اشیاءکی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کردی
وزیر اعظم عمران خان نے بنیادی ضرورت کی اشیاءکی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کردی

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے بنیادی ضرورت کی اشیاءکی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کردی ، انہوں نے کہا ہے کہ غریب کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، اگر غریب کا احساس نہیں کر سکتے توحکومت میں رہنے کاحق نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر ریونیو حماد اظہر ،جہانگیر ترین ، شہباز گل اورثانیہ نشتر شریک ہوئیں۔اجلا س میں بنیادی ضرورت کی اشیا آٹا ، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

وزیراعظم نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ہر صورت کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی کریں لیکن عوام کو ریلیف دیں، عوامی ریلیف کے لیے کچھ بھی کرنا پڑے کروں گا، قیمتوں میں کمی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت انتہائی غریب افراد کو راشن دیں گے ،کسی بھی چیز کے پیسے کاٹیں مگر غریب آدمی کو سہولت دیں، غریب کی بہتری کے لیے ہی حکومت میں آئے ہیں، اگر غریب کا احساس نہیں کر سکتے توحکومت میں رہنے کاحق نہیں۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی سیل میں800 فیصدتک اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی سٹو رز کے چیئر مین کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آٹا بحران میں یوٹیلیٹی سٹورز نے بہترین کام کیا۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی