چینی کے ذخائر اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب نے بڑا حکم جاری کر دیا

چینی کے ذخائر اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کے لئے چیف سیکرٹری ...
چینی کے ذخائر اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب نے بڑا حکم جاری کر دیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبے بھر میں عوام کو معیاری اور ارزاں قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے تمام حکومتی مشینری پوری طرح متحرک ہے اوراس سلسلے میں کسی بھی سطح پر کوتاہی کی کوئی غفلت نہیں برتی جارہی، فرائض کی ادئیگی میں لاپرواہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجان میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے صوبائی وزراء وزیر ا نڈسٹریز میاں اسلم اقبال،وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری،وزیر زراعت نعمان لنگڑیال اور وزیرخوراک سمیع اللہ چوہدری کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،انڈسٹریز، آبپاشی، خوراک، زراعت کے محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور کے علاوہ تمام کمشنرز اور آرپی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں خصوصی طور پر صوبے میں چینی کے موجودہ ذخائر کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت پنجاب میں مجموعی طور پر 15لاکھ66ہزارچار سو ننانوے میٹرک ٹن چینی موجود ہے جس پر صوبائی وزراء نے اطمینان کا اظہار کیا لیکن ماہ رمضان کے پیش نظر چینی کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام شوگر ملز اور چینی مہیا کرنے والوں کو اپنے ذخائر لازمی ظاہر کرنا ہوں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب کے خلاف بلا تخصیص سخت کارروائی کی جائے گی۔

تمام کمشنرز اور آرپی اوز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف تمام معلومات حاصل کر لی گئیں ہیں اور حکومت کی جانب سے احکامات ملتے ہی ذخیرہ اندوزوں، نا جائز منافع خوروں اور سٹے بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ چاروں صوبائی وزراء اپنے محکموں، ماہرین اور کسانوں کیساتھ ملکرکراپ مینجمنٹ کیلئے مستقبل کی حکمت عملی پر کام کریں تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ حتمی رپورٹ آنے پر اس حکمت عملی پر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد اسے نافذ کر دیا جائے گا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور