”بابراعظم کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے لیکن مجھے جس چیز کی زیادہ خوشی ہے وہ بلے بازوں کا۔۔۔“ انضمام الحق نے ایسی چیز پر توجہ دلا دی کہ آپ بے حد خوش ہو جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان انضمام الحق نے بنگلہ دیش کیخلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کو پاکستان کیلئے اچھا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابراعظم کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے جبکہ بلے بازوں کے سٹرائیک ریٹ کو بہتر ہوتا دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کیلئے ایک اور اچھا دن ثابت ہوا اور بلے بازوں نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا، وکٹ بہترین ہے جبکہ بنگلہ دیش کی باﺅلنگ کو بھی کمزور ہی کہنا چاہئے مگر پھر بھی بلے بازوں کو کریڈٹ جاتا ہے، بالخصوص بابراعظم اور شان مسعود نے بہت اچھی بیٹنگ کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بہت عرصے سے پاکستانی بلے بازوں کا سٹرائیک ریٹ دیکھ رہا تھا جس میں بہتری دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ پہلے جب کوئی سنچری بناتا تھا تو 250 تک گیندیں بھی کھیل لیتا تھا لیکن آج شان مسعود نے 160 گیندوں پر سنچری بنائی جبکہ بابراعظم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے جنہوں نے 134 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔
انضمام الحق نے کہا کہ بابراعظم کی کرکٹ میں ہر گزرتے دن کیساتھ بہتری آ رہی ہے، اگر ان کی گزشتہ 7 سے 8 اننگز دیکھیں تو اس میں چار سنچریاں، دو نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 143 کی اوسط کیساتھ کھیل رہے ہیں، ٹھیک ہے کہ دوسرے بلے باز اس مرتبہ سکور نہیں کر پائے لیکن ان کی کرکٹ بھی دن بدن بہتر ہو رہی ہے، پاکستان کے پاس ٹیسٹ میچ جیتنے کا ایک اچھا موقع ہے۔