بھارتی فوج آپے سے باہر، ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا ڈالا، ایک شہری شہید، خاتون زخمی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی سکیورٹی فورسز ایک بار پھر آپے سے باہر ہوگئیں، ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنا ڈالا، بھارتی اشتعال انگیزی سے ایک شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج نے مارٹر گولوں اورتوپ خانے کا استعمال کیا۔ فائرنگ اور گولہ باری ایل اوسی کے چری کوٹ سیکٹرمیں کی گئی جس میں شہری آبادی کونشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ، بھارتی فائرنگ سے شہری میر محمد شہید ہوا جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی ہے، فائرنگ سے زخمی خاتون کو قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ جاں بحق اور زخمی دونوں افراد کا تعلق ککوٹاگاو¿ں سے ہے، پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کومنہ توڑجواب دیاگیا اور ان کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔