سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ، خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ، ...
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ، خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق  سعودی  وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ،دونوں ملکوں کے  وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اہم رکن ہونے کی حیثیت سے، مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی غیر متزلزل اور بھرپور حمایت پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین، مسئلہ کشمیر کو او آئی سی سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنے کیلئے، مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید : قومی /اہم خبریں