عمران خان آٹا، چینی چوراور مہنگائی مافیا کی سربراہی کررہے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان آٹا، چینی چوراور مہنگائی مافیا کی سربراہی کررہے ہیں ، بتایا جائے جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور ہمایوں اختر کی ملزمیں کتنی چینی ہے؟۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ملک پر مسلط آٹا، چینی چور اور مہنگائی مافیا کی سربراہی کر رہے ہیں، بیرون ملک چینی بیچ کر اربوں کمانے والے اب چینی باہر سے منگوا کر پھر تجوریاں بھر رہے ہیں، وز یر اعظم بتائیں کہ چینی چور، منافع خور اور ذخیرہ اندوز اپنے دوستوں کے خلاف کب کارروائی کریں گے؟قوم کی جیب پر ڈاکہ کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو بتائیں کہ عوام کی روٹی، چینی اور آٹا چھین کر دوستوں کی جیبیں کیوں بھری جا رہی ہیں؟ ایک سال میں 13 ہزار ارب کا قرضہ کس کی جیب میں گیا ہے؟ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کس کی جیب میں جا رہا ہے؟ دوائیوں کی قیمتوں میں تاریخی اضافے سے کمایا گیا مال کس کی جیب میں گیا؟۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی سرپرستی میں ان کے دوستوں نے پابندی کے باوجود چینی اور آٹا درآمد کیوں کیا؟ جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور ہمایوں اختر کی ملزمیں کتنی چینی ہے؟۔