نیپرا کے مقرر کردہ معیار کے مطابق صارفین کو بہتر خدمت دی جائیں:اسد عمر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ نیپرا معیار کے مطابق عمل کر کے صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرے ڈسٹری بیوشن سسٹم کی گنجائش کو بڑھانے کی جانب توجہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کیلئے اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں تحریک انصاف کے ایم این اے علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز، سی ای او آئیسکو و دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران اسلام آباد میں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سی ای او آئیسکو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 132کے وی، 220کے وی کے دو گرڈ اسٹیشنز تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، گرڈ اسٹیشن اور ٹرانسمیشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے 16 ارب روپے لگیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر3سالوں میں16بلین روپےلاگت آنے کاتخمینہ ہے، حلقوں کی سطح پر صارفین کی شکایات کے لئے نئے سروس سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ فیڈرز، ٹرانسفارمرز کو اپ گریڈ کرکے ڈسٹری بیوشن سسٹم کی گنجائش کو بڑھانا چاہئے، نیپرا معیار کے مطابق عمل کر کے صارفین کو بہتر خدمت دی جائیں۔