2مائیں...(مختصر افسانہ)

تحریر :نیلما ناہید درانی
پہلی ماں ایک گھریلو خاتون تھی۔۔۔ساس نندوں اور شوہر کی گالیوں جھڑکیوں کو اپنا مقدر سمجھ کر اپنے بیٹے کو پال رہی تھی۔
دوسری ماں ایک فلم ایکٹرس تھی۔۔۔جس نے متعدد شادیاں کیں۔۔ایک بیٹا پیدا کیا۔۔۔اور اس کو برطانیہ میں پڑھایا لکھایا۔۔۔
بڑھاپے میں وہ بیمار ہوگئی تو بیٹا اس کو برطانیہ لے گیا۔۔۔وہ 12برس تک کومے میں رہی۔۔۔
بیٹا اس کو دیکھنے روزانہ ہسپتال جاتا۔۔۔12 برس تک اس نے آنکھ تک نہ جھپکی۔۔۔
جب اس کا وینٹی لیٹر اتارا گیا تو وہ پھوٹ پھوٹ کر رویا۔
پہلی ماں کا بیٹا جوان ہوا ۔۔جس کے لیے اس نے دن رات دعائیں کی تھیں
اسے امید تھی کہ وہ بڑا ہوگا تو اس کی زندگی بھر کی تکلیفیں دور ہو جائیں گی۔۔
اس کے بیٹے کی شادی ہو گئی۔۔۔
بیٹے نے کہا ۔۔"میری بیوی آپ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔۔۔اس لیے میں آپ کو ساتھ نہیں رکھ سکتا۔"۔۔
اس نے ماں کو بڑھاپے میں جیتے جی گھر سے نکال دیا۔