الیکشن کمیشن اجلاس، چیف سیکرٹری پنجاب نے انتخابات کیلئے سیکیورٹی صورتحال غیر تسلی بخش قرار دیدی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن اجلاس میں انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی صورت حال غیر تسلی بخش قرار دیدی۔
الیکشن کمیشن میں صوبہ پنجاب میں عام انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور الیکشن کمیشن حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے انتخابات کے انتظامی امور پر بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں عام انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات مناسب نہیں، امن و امان کے مسائل کے سبب الیکشن کیلئے صوبے میں حالات سازگار نہیں ہیں۔
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں ہدایت کی تھی کہ انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، الیکشن ایکٹ2017 کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول جاری کرے۔
واضح رہے کہ الیکشن کے معاملے پر حکمران اتحاد پی ڈی ایم اور تحریک انصاف کے درمیان کشمکش جاری ہے، دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں پنجاب اور خیبر پی کے میں انتخابات کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔