امریکہ میں اپنی گرل فرینڈ اور اس کے تین بچوں کو قتل کرنے والے رحیم ٹیلر کو زہریلا انجیکشن لگا کر سزائے موت دے دی گئی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)آخری وقت تک اپنے بے گناہ ہونے پر مصر رہنے والے رحیم ٹیلر کو اپنی گرل فرینڈ اور اس کے تین بچوں کے قتل کے جرم میں سزائے موت دے دی گئی۔ڈیلی سٹار کے مطابق 58سالہ رحیم ٹیلر امریکی ریاست میسوری کا رہائشی تھا، جسے گزشتہ شب زہریلا انجکشن دے کر اس کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔
رحیم ٹیلر نے اپنے آخری بیان میں لکھا کہ ”مسلمان کبھی نہیں مرتے، وہ اپنے خاندان والوں اور دوستوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہتے ہیں۔“ اس کے بعد رحیم ٹیلر نے لکھا کہ ”موت تمہاری دشمن نہیں ہے۔ یہ تمہاری قسمت ہے۔ اس کے ساتھ ملاقات کا انتظار کرو۔“
رپورٹ کے مطابق 2004ءمیں رحیم ٹیلر کی گرل فرینڈ اینجیلا رووے، اس کی 10سالہ بیٹی الیکسس کونلے، 6سالہ بیٹی ایکریا کونلے اور 5سالہ بیٹے ٹائریس کونلے کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا، جس کا الزام رحیم ٹیلر پر لگایا گیا۔ رحیم ٹیلر اپنی موت تک اس بات پر مصر رہا کہ اس نے اینجیلا اور اس کے بچوں کو قتل نہیں کیا بلکہ جن دنوں یہ واردات ہوئی، وہ میسوری میں ہی نہیں تھا بلکہ ریاست کیلیفورنیا گیا ہوا تھا۔