آدمی نے پیزا کھا کھا کر ایک ماہ میں اپنا وزن ساڑھے 6کلوگرام کم کرلیا

بیلفاسٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزن کم کرنا ہو تو ماہرین پیزے اور برگر جیسی اشیاءسختی سے منع کر تے ہیں تاہم آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ شمالی آئرلینڈ میں ایک آدمی نے پیزا کھا کھا کر محض ایک ماہ میں اپنے وزن میں ساڑھے 6کلوگرام تک کمی کر ڈالی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 34سالہ ریان مرسرنامی یہ شخص اپنے اس ایک ماہ کے فٹنس چیلنج میں ناشتے، لنچ اور ڈنر میں پیزا ہی کھاتا رہا۔
شمالی آئرلینڈ کے شہر بینگور کا رہائشی ریان مرسر ایک پرسنل ٹرینر ہے۔ وہ اپنے اس چیلنج کے ذریعے یہ ثابت کرنا چاہتا تھا کہ کس طرح موٹاپے کے شکار لوگ اپنی پسندیدہ کھانے کی اشیاءترک کیے بغیر بھی وزن میں کمی کر سکتے ہیں۔اس چیلنج میں ریان نے ڈائٹ بہت احتیاط کے ساتھ پلان کی اور اپنے تمام پیزے خود بنائے۔ اس کے ساتھ اس نے اپنی ورزش جاری رکھی۔
ریان کا کہنا تھا کہ ”میں نے اس چیلنج کے لیے جنوری کے مہینے کا انتخاب کیا کیونکہ جنوری سال کا وہ مہینہ ہے جو موٹاپا کم کرنے کے لیے حوالے سے بہت سخت سمجھا جاتا ہے۔ اس مہینے میں سردی زیادہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی خوراک بڑھ جاتی ہے اور ورزش کم ہو جاتی ہے۔ میں اس چیلنج کے ذریعے لوگوں کو بتانا چاہتا تھا کہ موٹاپا کم کرنے کا مطلب خود پر بے جا پابندیاں عائد کرنا اور کڑی ورزشیں کرنا نہیں ہے۔ آپ اپنی خوراک کو صحت مندانہ بنا کر کوئی بھی اپنی پسند کی چیز چھوڑے بغیر سال کے کسی بھی وقت میں موٹاپا کم کر سکتے ہیں۔“