عباسی شہید ہسپتال کو بند کرنے کی خبر جھوٹی ہے: مرتضیٰ وہاب
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عباسی شہید ہسپتال کو بند کرنے کی خبر جھوٹی ہے۔ ہسپتال اس وقت فعال ہے۔ چلڈرن وارڈ میں 100 سے زیادہ بچے زیرعلاج ہیں۔ این آئی سی یو اور ایمرجنسی بھی فعال ہے۔ عملے کی ڈیوٹی ضرور لگی ہے، ہم نے نہیں الیکشن کمیشن نے لگائی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اتنا عملہ موجود ہے کہ ہسپتال فعال رکھا جائے۔ ہسپتال کو تالا لگا کر ایک تصویر پھیلائی گئی ہے۔ جن لوگوں نے یہ شرارت کی ہے ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی الیکشن ڈیوٹی ضرور لگی ہے اس کے باوجود ہسپتال فعال ہے۔