گوجرانوالہ اور نصیر آباد میں سیاسی جماعتوں کے کارکن آپس میں لڑ پڑے
گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ جبکہ بلوچستان کے نصیر آباد میں سیاسی جماعتوں کے کارکن آپس میں لڑ پڑے جس کے نتیجے میں لیگی کارکن سمیت 4افراد زخمی ہو گئے ۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 79 میں گورنمنٹ ہائی سکول واہنڈو پولنگ سٹیشن پر جھگڑاہو گیا،جھگڑا پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں ہوا ،جھگڑے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہو گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے صوبائی حلقے پی بی 13نصیرآباد ون میں پولنگ سٹیشن جاگن خان عمرانی میں پیپلزپارٹی اور آزادامیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوگیا، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 3افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،جھگڑے کے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر متاثر رہا۔
ادھر لکی مروت میں این اے 41شاہ حسن خیل کے میرولی پولنگ سٹیشن پر تصادم ہوا،پولیس کا کہناتھا کہ جھگڑا دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہوا،فائرنگ سے 2افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔