پرنس کریم آغا خان کی لزبن میں آخری رسومات، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی شرکت

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پرنس کریم آغا خان کی پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں آخری رسومات، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات میں شریک ہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پرتگال کے شہر لزبن میں پرنس کریم آغا خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی، وزیر خزانہ نے شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔
وزیر خزانہ نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا، وفاقی وزیر نے پرنس کریم آغا خان مرحوم کی انسان دوستی اور ترقی کے شعبے میں خدمات کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خزانہ نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا اور کہا کہ حکومت پاکستان نے پرنس کریم آغا خان کی تدفین کے موقع پرسوگ کا اعلان کیا ہے۔