لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پنجاب اسمبلی میں منعقدہ دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کی ایشیا ءاور جنوب مشرقی ایشیا ءکی 2 روزہ کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی، جس کے اختتام پر ''چارٹر آف لاہور'' کی منظوری دی گئی۔ قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی موجودہ دور کا ایک بڑاچیلنج ہے،اہم مسائل پر تبادلہ خیال کرنا پائیدار اور جامع مستقبل کیلئے ضروری ہے، قانون سازی کے ذریعے افراد کو بااختیار اور معاشرے کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، معیاری صحت اور تعلیم تک رسائی خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے،جنوب مشرقی ایشیاء کو غربت اور عدم مساوات جیسے مسائل درپیش ہیں، پارلیمان صرف قانون ساز ادارے نہیں بلکہ تبدیلی کے انجن ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کیلئے سرحدوں سے بالاتر علاقائی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کر نا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں پنجاب اسمبلی میں سی پی اے ایشیا ءاور جنوب مشرقی ایشیا ءکی پہلی مشترکہ علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا جمہوریت کو مستحکم کرنے اور عوامی خدمات کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہے، مقامی حکمرانی عوام کو براہِ راست فیصلہ سازوں سے جوڑتی ہے، احتساب کو بہتر بناتی اور متنوع آوازوں کو سننے کا موقع فراہم کرتی ہے، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کو فروغ دینے سے جمہوریت کو مزید فعال بنایا جا سکتا ہے۔ وہ دولتِ مشترکہ کی پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس کانفرنس کا انعقاد ممکن بنایا۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان اور وزیراعلی مریم نواز کی قیادت کو سراہا جنہوں نے اس کانفرنس کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوب مشرقی ایشیا ءاپنی متنوع ثقافتوں، تاریخوں، اور اقتصادی مواقع کیساتھ ساتھ غربت، عدم مساوات، شہری ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی جیسے مسائل سے دوچار ہے۔جن سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات درکار ہیں اور اس کانفرنس نے ہمیں ماحولیاتی تحفظ، پائیدار شہری زندگی اور قدرتی وسائل کی حفاظت کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔