طلاق کا کیس، بیوی سے انتقام لینے کیلئے آدمی نے موٹرسائیکل پر ایسا کام شروع کردیا کہ ہنسی آجائے

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بہار کے شہر پٹنہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی سے انوکھے انداز میں انتقام لینا شروع کر دیا۔ اس شخص نے جان بوجھ کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنی شروع کر دی تاکہ چالان کی تمام نوٹیفکیشن اس کی بیوی کو ملیں کیونکہ بائیک اسی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
نیوز 18 کے مطابق یہ معاملہ مظفر پور کے قاضی محمد پور پولیس اسٹیشن کی حدود سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور پٹنہ کے ایک شخص کے درمیان پیش آیا۔ شادی کے دوران لڑکی کے والد نے داماد کو ایک بائیک تحفے میں دی تھی لیکن رجسٹریشن ان کی بیٹی کے نام پر کی گئی۔ تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد شوہر اور بیوی کے درمیان تنازعات شروع ہو گئے، جس کے بعد خاتون اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔ حالات اتنے بگڑ گئے کہ معاملہ طلاق تک پہنچ گیا۔
طلاق کے مقدمے کے دوران شوہر نے اپنی بیوی کو تنگ کرنے کے لیے بائیک پر دانستہ طور پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی شروع کر دی۔ چونکہ گاڑی بیوی کے نام پر تھی، اس لیے تمام ای چالان نوٹیفکیشن اس کے موبائل پر آ رہے تھے۔ ابتدا میں تو خاتون نے جرمانے ادا کیے، لیکن جب ان کی تعداد بڑھنے لگی تو وہ پریشان ہو گئی اور آخرکار پولیس سے رجوع کیا۔
خاتون کے والد کے مطابق پچھلے تین مہینوں میں چار چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔ جب بیوی نے شوہر سے بائیک واپس کرنے کا مطالبہ کیا تو اس نے انکار کر دیا اور کہا کہ جب تک طلاق کا فیصلہ نہیں ہو جاتا وہ بائیک واپس نہیں کرے گا۔ پریشان ہو کر خاتون نے پٹنہ ٹریفک پولیس کو شکایت درج کروائی، جہاں سے اسے مقامی تھانے جانے کی ہدایت دی گئی۔ قاضی محمد پور پولیس سٹیشن میں پولیس نے خاتون سے پوچھا کہ وہ یہ کیسے ثابت کرے گی کہ بائیک اب بھی اس کے شوہر کے پاس ہے؟ پولیس نے خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ ایک حلف نامہ جمع کرائے جس میں تصدیق ہو کہ بائیک اس کے شوہر کے قبضے میں ہے۔ یہ ثبوت کیس میں مددگار ثابت ہوگا۔