خیبرپختونخواہ میں بجلی چوری زوروں پر ہے، تحریک انصاف کے وزراءبجلی پر ڈاکہ مار رہے ہیں: عابد شیر علی

خیبرپختونخواہ میں بجلی چوری زوروں پر ہے، تحریک انصاف کے وزراءبجلی پر ڈاکہ ...
خیبرپختونخواہ میں بجلی چوری زوروں پر ہے، تحریک انصاف کے وزراءبجلی پر ڈاکہ مار رہے ہیں: عابد شیر علی

  

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں بجلی چوری زوروں پر ہے اور اکثر علاقوں میں لائن لاسز 90 فیصد تک پہنچ چکے ہیں ، بنوں کے لوگ اگر سسٹم میں نہ آئے تو بجلی کاٹ دیں گے۔ پشاور میں پیسکو میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزرا بجلی پرڈاکہ ماررہے ہیں ، وزیراطلاعات شاہ فرمان کے علاقے میں 90 فیصد لائن لاسز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بنوں کے لوگ سسٹم میں نہیں آرہے،اگر یہ لوگ سسٹم میں نہ آئے تو بجلی کاٹ دیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ایم پی اے فضل الٰہی نے پیسکو ٹیم پر بندوقیں تان لی تھیں، جو ہاتھ پیسکو اہلکاروں کے گریبان تک آیا، وہ کاٹ دیں گے، عمران خان اپنی حکومت اور علاقے پر توجہ دیں۔عابدشیر علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی کے بل ادا کرنے والوں کا حق مارا جارہا ہے اور 6 مہینوں میں 13 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، جن علاقوں میں لائن لاسز ہوں زیادہ ہوں گے وہاں 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہوگی اور جہاں لائن لاسز کم ہوں گے وہاں لوڈشیڈنگ بھی کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریکوری کے دوران اگر امن و امان کا مسئلہ ہوا تو اس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہو گی، علاقے میں نوگو ایریا ختم کیا جائے تاکہ پیسکو اہلکار وہاں جا سکیں۔

مزید : پشاور /اہم خبریں