جنوبی وزیرستان :جرگے پر فائرنگ 4جاں بحق‘طالبان کمانڈر قتل
وزیرستان (آئی این پی )جنوبی وزیرستان میں نامعلوم کارسواروں نے قبائلی جرگے پراندھادھند فائرنگ کردی جس کے باعث قبائلی ملک سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دوپہر2 بجے کے قریب جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ کے شکتوئی مقام پر محسود قبائل کا امن حوالے سے گرینڈ جرگہ ہورہاتھا۔جرگہ اختتام پذیر ہوااور عمائدین واپس گھروں کوجانیوالے تھے کہ اچانک نامعلوم کار سواروں نے اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں قبائلی ملک والی خان ،اکبرخان ،جواداورافضل جاں بحق ہوگئے۔ دریں اثنا جنوبی وزیر ستان کے علاقے اعظم ورسک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ضیاءالحق ہلاک ہوگیا۔ مزید براں تحصیل سروکئی کے علاقہ مولے خان سرائے میں نامعلو افراد نے قبائلی رہنما کے گھر کے سامنے کھڑی گاڑی میں بارودی مواد کا دھماکہ کیا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔البتہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔

