خواہش ہے کہ لوگ فائٹر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں :یونس خان

خواہش ہے کہ لوگ فائٹر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں :یونس خان

سڈنی(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار بلے باز یونس خان نے اپنے مستقبل کے بارے فوری طور پر کوئی فیصلہ کرنے کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الوقت انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں جب تک ٹیم کو میری ضرورت ہے کھیلتا رہوں گا، میں نے کبھی خود کو پاکستان کا عظیم کرکٹر نہیں سمجھا کیونکہ میرے نزدیک جاویدمیانداد، ظہیرعباس اور انضمام الحق عظیم بلے باز ہیں، میری خواہش ہے کہ جب میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوں تو لوگ مجھے فائٹر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں، ٹیسٹ کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کرنا بڑی کامیابی ہو گی کیونکہ یہ نہ صرف میرے لئے بلکہ پورے ملک کیلئے باعث فخر بات ہو گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میرا مستقبل ٹیم کی میری ضرورت پر منحصر ہے، میں ابھی مکمل طور پر فٹ ہوں اسلئے جب تک ٹیم کو میری خدمات کی ضرورت ہو گی کھیلتا رہوں گا، میں کسی کو سرپرائز نہیں دینا چاہتا کہ میں کرکٹ سے علیحدہ ہو رہا ہوں یا پھر مزید پانچ برسوں تک کھیلتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے قریب پہنچنے پر عجیب سی خوشی محسوس کر رہا ہوں کیونکہ میں یہ اعزاز پانے والا پہلا پاکستانی بلے باز بن جاؤں گا، کوشش ہو گی کہ آسٹریلیا کے خلاف رواں آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں یہ سنگ میل عبور کروں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کی طرف سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کے باوجود کبھی خود کو عظیم کرکٹر نہیں سمجھا کیونکہ میری فہرست میں جاویدمیانداد، ظہیرعباس اور انضمام الحق عظیم بلے باز ہیں، میں نے ہمیشہ ملک کیلئے کرکٹ کھیلی ہے اسلئے خواہش ہے کہ جب میں اس سے کنارہ کشی اختیار کروں تو لوگ مجھے فائٹر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...