لودھراں ٹرین حادثہ افسوسناک،شفافتحقیقات کرائی جائیں،میاں مقصود

لودھراں ٹرین حادثہ افسوسناک،شفافتحقیقات کرائی جائیں،میاں مقصود

لاہور(خبر نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے لودھراں میں ٹرین اور رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں7بچوں سمیت8افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس اور گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کرکے اصل ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجا ئے۔معصوم بچوں کی ہلاکت پر جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ریلوے انتظامیہ کی لاپرواہی قیمتی جانوں کے ضیاع کاباعث بنی ہے۔نچلے درجے کے ملازمین کو قربانی کابکرابنانادرست اقدام نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس قسم کے واقعات پہلے بھی رونما ہوتے رہے ہیں مگر آج تک اصل مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد پر ہاتھ نہیں ڈالاگیا۔ریلوے روٹ پر جگہ جگہ قائم پھاٹک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کے باعث خوفناک حادثات معمول بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب کبھی ٹرین حادثہ ہوتاہے تو شعبہ ٹریفک اورمکینکل سٹاف ایک دوسرے پر الزام لگاکر راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔وزیرریلوے کی جانب سے محض بیان بازی سے کچھ نہیں ہوگا۔ڈویژنل کمشنر ملتان نبیلہ اسلم کے مطابق ٹرین حادثہ سگنل اپ اور پھاٹک گیٹ کھلا ہونے کی وجہ سے پیش آیا جوکہ ریلوے انتظامیہ کی نااہلی کامنہ بولتاثبوت ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ حکمرانوں کے نزدیک عوام کے جان ومال کی حفاظت کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ حکومت ٹرین حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افرد کے لواحقین کودی جانے والی امداد میں اضافہ کرے اور زخمیوں کوبہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔افسوس ناک مقام ہے کہ ہر سال پاکستان میں ٹرین حادثے میں سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں مگر ریلوے کی حالت زار پر کسی کی کوئی توجہ نہیں ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...