شہباز شریف کا سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں ایک ارب روپے اضافے کا اعلان ، آرٹسٹ سپورٹ ویلفیئر فنڈ 5کروڑ روپے کردیا

شہباز شریف کا سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں ایک ارب روپے اضافے کا اعلان ، آرٹسٹ ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے اور اقدامات کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلی نے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں 1ارب روپے کے اضافے کااعلان کیا اور1 ارب روپے کے اضافے سے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا حجم1 ارب 30کروڑ روپے ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں پلے گراؤنڈز کو ڈویلپ کرنے کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے تشکیل کی منظوری دی اوراس پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ حنیف عباسی ہوں گے۔اجلاس میں صوبے بھر میں خادم پنجاب سپورٹس مقابلے منعقد کرانے اورخادم پنجاب سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں اضافے سے کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی اور اس فنڈ کی آمدن سے مختلف کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظائف دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کاپرچم بلند کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیروہیں اور ان کھلاڑیوں کی مالی مشکلات کو دور کرنا اور دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں 66پلے گراؤنڈز کو رواں برس ڈویلپ کیا جائے گااور ان 66پلے گراؤنڈ زمیں 42گراؤنڈ کرکٹ کے کھیل کیلئے مختص کیے جائیں گے۔تعلیمی اداروں میں موجود بڑے پلے گراؤنڈزکو بھی ڈویلپ کریں گے اوران پلے گراؤنڈز میں رات کو کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرانے کیلئے فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی۔کمیٹیاں آج ہی سے اپنے کام کا آغاز کریں تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بلاتاخیر فیصلے کر کے اقدامات کیے جائیں۔سیکرٹری سپورٹس اورڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات پر بریفنگ دی۔صوبائی وزراء جہانگیر خانزادہ ،رانا مشہود احمد ،سید رضاعلی گیلانی،مشیر ڈاکٹر عمر سیف ،ایم این اے شیزہ فاطمہ خواجہ ،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب،وائس چےئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب حنیف عباسی،ایم پی اے میاں محمدمنیر، معروف کھلاڑیوں انتخاب عالم، خواجہ جنید اسلم،اویس اکبر،متعلقہ سیکرٹریزاور اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے 14 موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 موبائل ہیلتھ یونٹس پہلے ہی جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اب مزید14 موبائل ہیلتھ یونٹس جنوبی پنجاب کے اضلاع میں عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت میں پروکیورمنٹ سیل کو ادارہ جاتی میکانزم کے تحت چلایا جائے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپیشلائزڈ و میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر اوکاڑہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں’’خادم پنجاب بحریہ ماڈل سکول اینڈ کالج گوادر‘‘ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گوادر کے بچوں اور بچیوں کیلئے سکول بھی تعمیر کر رہی ہے۔یہ منصوبہ بلوچستان کے علاقے گوادر کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردارادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔گوادر میں بسنے والے بچے اوربچیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی تعلیم کیلئے گوادر میں اعلی معیار کا تعلیمی ادارہ بنایا جارہا ہے ۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد، کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی کراچی کموڈور اکبر نقی، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کیلئے یکساں پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے مسودہ قانون کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں بورڈز اور ہورڈنگز کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنائی جائے گی اور بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے حوالے سے حفاظتی سٹینڈرڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گاجبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز کے سائز میں یکسانیت ہونی چاہیئے اوراس ضمن میں مقامات کے انتخاب کے حوالے سے کسی ایک فرد کا صوابدیدی اختیار نہیں ہوگا، ضلع کی سطح پر میئر اور چیئرمین ضلع کونسل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے اور صوبے میں بل بورڈزاور ہورڈنگزکے حوالے سے ہرصورت یکساں پالیسی اپنائی جائے گی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، منشاء اللہ بٹ، سید ہارون سلطان بخاری، سیکرٹریز قانون، لوکل گورنمنٹ، پبلک پراسیکیوشن، ہاؤسنگ، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی جی پی ایچ اے نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آرٹسٹ ویلفیئر سپورٹ فنڈ میں 3 کروڑ روپے کے اضافے کی منظوری دے دی ہے،جس کے بعدآرٹسٹ ویلفیئر سپورٹ فنڈ کا حجم 2 کروڑ روپے سے بڑھ کر 5 کروڑ روپے ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حقیقی اور ضرورت مندفنکاروں کی مالی مشکلات کم کرنے کیلئے آرٹسٹ ویلفیئر سپورٹ فنڈ میں اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مختلف فنون کو فروغ دینے والے آرٹسٹوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے اور حقیقی فنکاروں کی مالی اعانت کاسلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیر اعلی نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو ہدایت کی کہ رقم حقیقی اور ضرورت مند فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے صرف کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف بغیر پروٹوکول اتفاق ہسپتال گئے۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں زیر علاج جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے مولانا فضل الرحمن کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔وزیراعلیٰ نے مولانا فضل الرحمن کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہارکیا اورکہا کہ خوشی ہے کہ آپ تیزی سے روبصحت ہیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...