پاناما کیس ، تحریک انصاف شریف خاندان کے وکلاء کو فیسوں کی ادائیگی بارے تفصیلات مانگ لیں

پاناما کیس ، تحریک انصاف شریف خاندان کے وکلاء کو فیسوں کی ادائیگی بارے ...

 اسلام آباد(اے این این) تحریک انصاف نے وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کے دفاع پر مامور وکلا ء کو دی جانے والی فیسوں کی تفصیلات مانگ لی۔ سینئر پارٹی رہنماء عندلیب عباس نے اس حوالے سے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھ دیا۔ پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس کی جانب سے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں حکومتی وزراء اور اراکین اسمبلی کی جانب سے ریاستی وسائل کے غیر قانونی استعمال پرسوالات اٹھائے گئے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ذاتی مفاد کی خاطر ریاستی وسائل کا انتہائی بے دردی سے استعمال کرنے کی ایک پوری تاریخ رکھتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے وزیر اعظم پانامہ کیس کے اخراجات کہاں سے ادا کر رہے ہیں، وزیر اعظم کے بچوں کا دفاع کرنے والے وکلا کو بھاری معاوضے کہاں سے ادا کئے جا رہے ہیں۔ خط میں آئین کے آرٹیکل انیس اے اور اطلاعات تک رسائی کے قانون کا حوالہ دیتے ہوئے وکلا کو کی جانے والی ادائیگیوں کی مصدقہ تفصیلات فراہم کرنے کا تقاضہ بھی کیا گیا ہے۔ عندلیب عباس نے اپنے خط میں کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے تنخواہیں وصول کرنے والے وزیر کیوں قومی وسائل کے بل بوتے پر شریف خاندان کے دفاع پر مامور ہیں۔عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو شریف خاندان کے دفاع کیلئے کیوں برتاجا رہا ہے۔ پی ٹی وی کے ذریعے نواز شریف کو قوم سے خطاب کی آڑ میں ذاتی صفائیاں پیش کرنے اور قیمتی ایئر ٹائم ضائع کرنے کا موقع کیسے دیا گیا، خط میں حکومت سے چودہ روز کے اندر تمام معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...