کراچی سے خیبر تک سردی کے ڈیرے ، پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی

کراچی سے خیبر تک سردی کے ڈیرے ، پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی

اسلام آباد / لاہور / کراچی ( اے این این ) کراچی سے خیبر تک ہر طرف سردی کے ڈیرے ،پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش جاری ،پہاڑ ، عمارتیں اور درخت سب برف کی چادر تلے چھپ گئے ،بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا،پارہ چنار میں درجہ حرارت منفی 5 تک جا پہنچا ، مری میں بھی شدید سردی برقرار، شدید برف باری کے باعث لواری ٹاپ ٹنل ایک مرتبہ پھر بند ہوگئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے ۔ پہاڑ ، راستے ، عمارتیں ، درخت سب برف کی چادر تلے چھپ گئے ہیں۔راولپنڈی اسلام آباد میں آسمان پر بادل تیر رہے ہیں ۔ لاہور کا موسم بھی ابرآلود ہے۔ پشاور میں بارش کے بعد دھند چھاگئی اور کراچی میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری اورکہیں کہیں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پارا چنار اور دیگر مقامات پر سردی شدید ہوگئی ہے جبکہ اسکردوکا کم سے کم درجہ حرارت منفی آٹھ ڈگری تک پہنچ گیا۔علاوہ ازیں گوپس میں درجہ حرارت منفی چھ ریکارڈ کیا گیا۔پشاور، سرگودھا اور سندھ کے ضلع بدین میں پھر دھند نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ پارہ چنار میں درجہ حرارت منفی پانچ اوراسلام آباد و لاہور میں نو، پشاور میں گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح کے اوقات میں ہلکی سردی پڑے گی جبکہ مجموعی طور ہر موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ آج ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے رات کے وقت شہر کا درجہ حرارت کم ہو جانے کا امکان ہے۔

سردی

مزید : علاقائی


loading...