فیس بک پر پھیلایا جانے والا پیغام فراڈ،آپ بھی اس سے بچیں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ان دنوں فیس بک پر ایک پیغام بہت پھیلایا جا رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’آئندہ پیر سے فیس بک صارفین سے پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کے عوض فیس لینا شروع کر دے گا۔ آپ یہ پیغام آگے 10لوگوں کو بھیجئے، اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ کے پروفائل پر ایک گول نیلا دائرہ (فیس بک کا سرٹیفکیشن مارک)بن جائے گا اور آپ سے فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ اگر آپ یہ پیغام 10لوگوں کو نہیں بھیجتے تو آپ سے 0.01psفی پیغام وصولی شروع ہو جائے گی۔‘‘میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق یہ فیس بک پر پھیلایا جانے والا یہ پیغام فراڈ ہے کیونکہ کمپنی خود کہہ چکی ہے کہ ’’اس کی پراڈکٹ ’واٹس ایپ‘ گزشتہ سال کے آغاز سے کوئی فیس وصول نہیں کر رہی اور نہ ہی فیس بک میسینجر پر کوئی فیس لاگو کی جا رہی ہے۔ فیس بک اور واٹس ایپ کی تمام سروسزصارفین کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔‘‘ ماہرین کا کہنا ہے کہ ’’اگر آپ کے پاس بھی مذکورہ پیغام آتا ہے تو اسے نظرانداز کر دیں اور آگے مت پھیلائیں۔ یہ پیغام آگے پھیلانے سے صارفین کو کسی نقصان کا اندیشہ تو نہیں لیکن وقت کے زیاں اور دوسروں کو بھی پریشان کرنے کے سوا اس سے کچھ حاصل نہ ہو گا۔‘‘