بھارت میں ایک نوزائیدہ بچے کا سر بڑھنا شروع ہو گیا

بھارت میں ایک نوزائیدہ بچے کا سر بڑھنا شروع ہو گیا
 بھارت میں ایک نوزائیدہ بچے کا سر بڑھنا شروع ہو گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں ایک نوزائیدہ بچے کا سر بڑھنا شروع ہو گیا۔ 7ماہ کی عمر تک اس کا سائز 37.8انچ تک جا پہنچا اور وہ دنیا کا سب سے بڑے سروالا انسان بن گیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق مریتنجے داس نامی یہ بچہ ’ہائیڈروسیفلس‘ (hydrocephalus)نامی بیماری میں مبتلا تھا جس میں سر کی کھوپڑی میں مائع مواد جمع ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ مریتنجے کو اس کے والدین آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے سر میں ساڑھے 5لیٹر مواد موجود ہے۔ خوش قسمتی سے ڈاکٹر بچے کے سر سے 3.7لیٹر مواد نکالنے میں کامیاب ہو گئے اور اب اس کا سر قدرے چھوٹا ہو چکا ہے۔ بچے کا علاج کرنے والے ڈاکٹر دلیپ پریدا کا کہنا تھا کہ ’’بچہ علاج کی بدولت صحت مند ہو رہا ہے۔ اب ہمیں یہ مسئلہ درپیش ہے کہ اس کی کھوپڑی کی ہڈیاں الگ الگ ہیں اور مائع مواد میں تیر رہی ہیں، انہیں کس طرح ایک دوسرے سے جوڑا جائے۔ ہم نے بچے کے سر کو پٹیوں سے باندھ دیا ہے جس سے امید ہے کہ ہڈیاں ایک دوسرے کے قریب آ جائیں گی۔ اگلے مرحلے میں اگر ضرورت ہوئی تھی اس کی کرینوپلاسٹی کی جائے گی۔‘‘بچے کی والدہ 30سالہ کویتا کا کہنا تھا کہ ’’جب ڈاکٹروں نے اس کے سر سے پانی نکالنا شروع کیا تو میں نے اپنی آنکھوں سے اپنے بیٹے کا سر چھوٹا ہوتا دیکھا۔ پہلے یہ ہر وقت روتا رہتا تھا لیکن اب میں اس کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھ کر بہت خوش ہوں۔‘‘ بچے کے والد کملیش داس کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے بچے کو بڑے سر کی وجہ سے گاؤں کے لوگ برے ناموں سے پکارتے تھے۔ کوئی اسے ’بڑے سر والا‘ کہتا اور کوئی ’بھوت بچہ‘۔امید ہے کہ علاج سے اس کا سر بھی عام بچوں جیسا ہو جائے گا اور یہ بھی نارمل زندگی گزار سکے گا۔ اس کے بعد گاؤں والے بھی اسے برے ناموں سے پکارنا چھوڑ دیں گے۔‘‘

مزید :

علاقائی -