کرایہ داری آرڈیننس کی خلافورزی ملزم کو دوسال پروبیشن کی سزا
لاہور(نامہ نگار)کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو دو سال پروبیشن کی سزا کا حکم سنا دیا ہے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ زیب شہزاد چیمہ نے ملزم ثاقب علی کے خلاف درج مقدمہ کی سماعت کی۔
، ہربنس پورہ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا، پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ثاقب نے ہربنس پورہ کے علاقے میں اپنا مکان اسلم نامی شخص کو کرائے پر دے رکھا تھا مگر کرایہ دار کا اندراج متعلقہ تھانے میں نہیں کرایا ،ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ثاقب علی سے کرایہ دار کا اندراج کروانے میں معمولی تاخیر ہوئی ،کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر ملزم پر جرمانہ عائد نہ کیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کے اعتراف جرم پر اسے دو سال بروبیشن کی سزا کا حکم سنا دیا ہے ۔