سیاسی رہنماؤں کی جیبیں بھرنے کی روایت کو پی ٹی آئی نے یکسر تبدیل کر دیا :محمد عاطف خان
مردان ( بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اورصوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ماضی میں عوام سے ووٹ لینے والے عوام کی خدمت کی بجائے اپنے جیبوں کو بھرتے رہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل جوں کے توں رہے ۔پی ٹی آئی نے ماضی کی ان روایات کو تبدیل کردیا ہے عوام کی دولت عوام کے مسائل کے حل پر خرچ ہورہی ہے اور آج ہر ادارہ عام شہری کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔مردان رورل کے علاقے حمید آباد میں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر عمر محمد ، محمد عارف ، عبدالرحمان سمیت درجنوں افراد نے اپنے خاندانوں کے ساتھ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔جلسے سے شہزاد خان اور ضلعی کونسلر شاہد باچہ نے بھی خطاب کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے انصاف کے لیے عمران خان کو ووٹ دیا اور ہماری حکومت عوام کو انصاف دلانے کے لیے کوشاں ہے ۔صوبائی اسمبلی سے ایسے قوانین پاس کرائے گئے ہیں جس سے سرکاری محکموں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا گیا ہے اور رشوت وسفارش کے کلچر کو دفنا دیا گیا ہے ۔پی کے 30میں تعلیم ،صحت ، مواصلات ،آبنوشی اور دیگر شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں جبکہ 25کروڑ روپے کی لاگت سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں ۔اسی طرح اس حلقے میں نیا گرلز ڈگری کالج زیر تعمیر ہے جبکہ گرلز ماڈل سکول پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ،مردان میں ویمن یونیورسٹی میں کلاسز جاری ہیں جبکہ ملکی تاریخ کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج بھی منظور ہوگیا ہے جس پر تین ارب روپے لاگت آئے گی اور اس میں اگلے سیشن سے داخلے ہوں گے ۔مردان میں بین الاقوامی معیار کے سپورٹس کمپلکس پر بھی کام جاری ہے جبکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ پر قابوپانے کے لیے فلائی اوورز پر بھی جلد کام شروع ہوگا ۔ عاطف خان نے کہا کہ صحت کے شعبے انصاف صحت کارڈ کا انقلابی منصوبہ شروع کرنے کا سہرا بھی پی ٹی آئی کے سر ہے جس کے تحت صوبے کی اکیاون فیصد آبادی کو مفت علاج معالجے کی سہولت مل گئی ہے اور ہر خاندان اس کارڈ کے ذریعے سالانہ پانچ لاکھ چالیس ہزار روپے تک علاج سرکاری اور اعلیٰ نجی ہسپتالوں سے کر سکتا ہے ۔یہ سکیم بجا طور پر پورے ملک کے لیے ایک قابل تقلید قدم ہے ۔محمد عاطف خان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دی ۔اور علاقے کے لیے بجلی اور فرش بندی کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا۔