ریجنٹ پلازہ آتشزدگی ،حادثے کی ذمہ داری ہوٹل انتظامیہ قرار

ریجنٹ پلازہ آتشزدگی ،حادثے کی ذمہ داری ہوٹل انتظامیہ قرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے گزشتہ ماہ نجی ہوٹل میں لگنے والی آگ اور اس کے نتیجے میں کئی افراد کی ہلاکت سے متعلق مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کردیا ہے جس میں واقعے کی ذمہ داری ہوٹل انتظامیہ پرعائد کی گئی ہے۔ ہفتہ کوجوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی کی عدالت میں نجی ہوٹل میں آتشزدگی سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان پیش کردیا، جس میں حادثے کا ذمے دارہوٹل انتظامیہ کو قراردیتے ہوئے ہوٹل مالکان سمیت 5 افراد کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔چالان میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل میں حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص اورہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ناکافی تھے، ہوٹل کے لیے منظورشدہ حفاظتی اورایمرجنسی پلان پرعمل نہیں کیا گیا، کچن کے اندرہیٹ سینسر موجود نہیں تھے، ہوٹل میں گیس سپلائی اور اے سی سسٹم کی سپلائی بند کرنے کا انتظام نہیں تھا، ہوٹل کا فائرالارم سسٹم بھی مکمل کام نہیں کررہا تھا، فائراسکواڈ اور سیکیورٹی ٹیم بھی موقع پر موجودنہیں تھی، اس کے علاوہ ہوٹل انتظامیہ نے حادثے کی بروقت اطلاع نہیں دی۔سماعت میں5 ملزمان کی ضمانت میں 21جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔جاں بحق افراد کے اہلخانہ کی جانب سے فریق بننے کی درخواست دائر کر دی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے ایک نامورنجی ہوٹل میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جب کہ بین الاقوامی کرکٹرزاورکئی غیر ملکیوں سمیت 70 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...