ڈپٹی میئر کراچی نے ونٹر فیملی فیسٹول 2017 " کا افتتاح کر دیا

ڈپٹی میئر کراچی نے ونٹر فیملی فیسٹول 2017 " کا افتتاح کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کے ہمراہ ڈی ایم سی ایسٹ گلشن اقبال زون باغ رضوان میں" ونٹر فیملی فیسٹول2017 " کا افتتاح کر دیا اس موقع پر بڑی تعداد میں بچے اور خواتین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، فیسٹول میں قومی نغموں کا مقابلہ منعقد کرانے کے علاوہ دیگر پروگرامز،کھانے پینے کے اسٹالزاور خواتین کے ملبوسات و دیگر اشیاء کے اسٹالزاور بچوں کے جھولے لگائے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رکھنا کراچی شہر کی سب سے اہم ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے نئی بلدیاتی قیادت اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے ، انہوں نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں پارکوں میں عوام کو سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنے کے سلسلے میں چیئرمین معید انور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوسیز چئیرمین وائس چیئرمین اور انکی ٹیم نے تھوڑے ہی عرصے میں پارکس کی ترقی کیلئے جس طرح اقدامات کیئے وہ قابل ستائش ہیں ، انہوں نے کہا کہ پارکس اور اچھا ماحول بچوں کی ذہنی نشونما کیلئے ناگزیز ہے اس سے نہ صرف بچے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ بڑوں کیلئے بھی ہیجانی ماحول میں سکون کا باعث ہوتا ہے ۔یہ فیسٹول اس بات کی عکاس ہے کہ ہم امن پسند اور ایک دوسرے سے محبت رکھنے والے لوگ ہیں میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کا خیال رکھیں تاکہ اس شہر کو امن کا گہوارہ بنا یا جا سکے۔اس موقع پرچیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ ہماری شروع سے ہی یہ کوشش رہی کہ عوام کو انکی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں،انہیں صحت مندانہ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی اور تعاون کے بغیر ہم کامیاب نہیں ہوسکتے ، اس موقع پر چیئرمین معید انور نے عوام میں کچرے کی تھیلیاں بھی تقسیم کیں اور عوام سے گزارش کی کہ وہ شہر قائد کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...