پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے،ندیم افضل چن

پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے،ندیم افضل چن

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے۔ جس کی جڑیں عوام میں ہیں۔ آمرانہ ادوار میں پارٹی ختم کرنے کی بے شما ر کوششیں کی گئیں لیکن پارٹی کے جیالے کارکنوں نے آج تک پارٹی کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ نظریات کبھی ختم نہیں ہو سکتے ۔ اس جماعت کی طاقت مزدور ، کسان ، ہاری اور محنت کش طبقہ ہے۔ جس نے ظلم کے ساتھ طویل جنگ کی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو جینے کا ڈھنگ اور ظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا حوصلہ دیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن، سابق سینٹر ملک حاکمین خان ، سابق وفاقی وزیر سردار سلیم حید ر خان ، ڈویثرنل رہنما راجہ عمران اشرف ، سابق MNAغلام مرتضیٰ ستی ، ملک نجیب الرحمن ارشد ، اشعر حیات خان نے پیپلز پارٹی لیبر ونگ ضلع اٹک کے سابق صدر سراج گل خٹک ، جاوید اختر ، زمرد خان ،فداحسین کی طرف سے شہید ذولفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر (بھٹو ازم اور آج کا مزدور ) کے موضع پر اپنے خطاب میں کیا۔ سردار سلیم حید ر خان نے کہا کہ (ن) لیگ ایک ڈوبتی ہوئی کشتی ہے جسے کبھی سہارا نہیں دیا۔ ہم نے اٹک میں ایک جابر شخص کے مقابلے میں چھوٹی برائی کو قبول کیا۔ ہم شہید بھٹو کے سپاہی ہیں۔ اور چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں۔ میں نے اپنے دور اقتدار میں 52 دیہاتوں کو سوئی گیس فراہم کی۔ حلقے میں بے شمار ترقیاتی کام کرائے۔ آئندہ موقع ملا تو اس سے بڑھ کر کام کروں گا۔ آج تک کسی پر جھوٹا پرچہ نہیں کرایا۔ میں نے خدمت کی ۔ آج بھی لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ راجہ عمران اشرف نے کہا کہ ہم اپنی قیادت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پنجاب میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن جیسے منجھے ہوئے سیاستدانوں کو ذمہ داری دی۔ بھٹو شہید نے ہمیشہ مزدور کی بحالی کی بات کی۔ نہ صرف پاکستان بلکہ وہ پورے عالم اسلام کے لیڈر تھے۔سابق سینئٹر ملک حاکمین خان نے کہا کہ میں بھٹو شہید سے وفا کا عہد کیا تھازندگی کے آخری لمحے تک اس عہد کو نبھاؤں گا۔ ندیم افضل چن نے حضرت علیؓ کا قول بیان کیا کہ لوگو سیاست نہ چھوڑنا ۔ یہ اسواہ پیغمبری ہے۔ اچھے لوگ آئیں گے تو بہتری آئے گی۔ آپ محنت کریں گے تو مخالفین پیچھے ہٹتے چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اقتدار میں ہیں اور ان کے خلاف چو ر چور کے نعرے گلی محلوں میں بلند ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کیلئے ہم پٹواریوں اور تھانیداروں کے محتاج نہیں ۔ اللہ کے بعد ہم پارٹی کارکنان اور عوام پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ (ن) لیگ والے مشرف کے دور میں زیر زمین چلے گئے تھے ۔ دیگر خطاب کرنے والوں میں حاجی آصف اجمل بٹ ، نصیر خان حضرو ، ظہیر خان فتح جنگ ، چنگیز خان ، PTUDCکے سید زین ثاقب ، صدر PSFزوہیب بٹ ، شان بھائی اور محمد عرفان قریشی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں آئے کارکنان رات دیر تک سرد ی میں بیٹھے مقررین کا خطاب سنتے رہے۔ اختتام پر تمام شرکاء کیلئے لنگر کا انتظام کیا گیا تھا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...