مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑونگا،ظہیراحمدخان

مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑونگا،ظہیراحمدخان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)شہری تعاون کریں ،مسائل کے حل کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کروں گا۔ میں نے شہر کے مختلف محلوں کا ابتدائی دورہ کیا ہے۔ اہل علاقہ سے مسائل پوچھے۔ محلہ ڈھوک مسکین میں تعمیراتی کام کے خاتمے کے بعد کئی من کچرا دیکھ کر دل دکھی ہوا۔ یہ ہم سب کا شہر ہے۔ صفائی کیلئے ہر شہر ی کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار نو منتخب چےئرمین میونسپل کمیٹی ظہیر احمد خان بھٹیانوالہ نے مبارکباد کیلئے آنے والے عوامی تحریک حسن ابدال کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ سابق نائب ناظم سٹی مشتاق حسین چشتی کی قیاد ت میں تحریک کے سینئر رہنما صدیق صابر ایاز ، حاجی محمد رفیق قادری، حکیم ہاشم خان ، راشدا شرف قریشی سمیت دیگر قائدین نے چےئرمین ظہیر احمد خان ، وائس چےئرمین زبیر اقبال خان اور میجر گروپ کے سینئر رہنما کونسلر سرفراز علی اعوان سے ملاقات میں شہر کے بنیادی مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ شہر میں جا بجا پھیلی تجاوزات ، گندگی کے ڈھیر اور نکاسی آب کے نالوں کی صفائی کے معاملات زیر غور آئے۔ظہیر احمد خان نے مسائل کی نشاندہی پر عوامی تحریک کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد کیلئے آنے پر انہوں نے کہا کہ ادارے میں میرے دفتر میں ہونے والے جملہ اخراجات میں اپنی جیب سے ادا کروں گا۔ حلف برداری کے دن ہونے والے اخراجات بھی میں نے اپنی جیب سے ادا کئے ۔ شہر کی صفائی پر اٹھنے والے اخراجات بھی زبیر خان سے مل کر خود برادشت کریں گے۔ کرپشن کے تمام دروازے ہم بند کر دیں گے۔ ٹی ایم اے کے ملازمین وقت پر آئیں گے۔ اور بلا وجہ دفتر سے غیر حاضر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اخلاص اور پوری دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ اگر ضرورت محسوس کی تو مستعفیٰ ہونے میں دیر نہیں کریں گے۔ اپنے دامن کو صاف رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ اس موقع پر مشتاق حسین چشتی نے معروف محقق انجےئر الطاف حسین کی تصنیف (نقش دوام) ظہیر احمد خان کو تحفہ میں دی۔