عدالت کے عدالت اچھا عمل نہیں ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

عدالت کے عدالت اچھا عمل نہیں ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)پانامہ لیکس میں عدالت کا ہر فیصلہ قبول کیا جائے گا۔ عدالت کے باہر لگائی جانے والی عدالت اچھا عمل نہیں ہے۔سرجیکل اسٹرائیک کرنا آسان عمل نہیں ہے۔39ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ جنرل راحیل کو بنانا ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے الائیڈ سکول کے یوم والدین کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد کسی فرقے یا ملک کے خلاف نہیں ہے بلکہ اس کے قیام کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ 39ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ جنرل راحیل شریف کو بنانا پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے جس پر ہمیں فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے پانامہ لیکس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت عدالت کا ہر فیصلہ کھلے دل سے قبول کرے گی مگر عدالت کے باہر لگائی جانے والی عدالت اچھا عمل نہیں ہے۔اس سے قبل یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہے۔دنیا میں وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو تعلیم پر توجہ دیتی ہیں اور تعلیم کے ساتھ کردار سازی پر زور دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آج پاکستان نہ ہوتا تو بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھنے والے آج کونسلر بھی منتخب نہ ہو سکتے۔اس موقع پر سابق ایڈمنسٹریشن آفیسر پی او ایف سید رفاقت شاہ۔پروفیسر ضیاء المصطفےٰ۔سابق ڈائیریکٹر جنرل الیکشن کمیشن آف پاکستان راجہ غیاث الدین بلبن۔ایڈووکیٹ ہائی کورٹ راجہ محمد صادق اور ڈائیریکٹر الائیڈ سکول طاہر محمود درانی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے الائیڈ سکول سسٹم کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے یوم والدین کے موقع پر بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلو اور ملی نغموں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے اساتذہ کی محنت بچوں کی کارکردگی میں نکھار پیدا کرتی ہے ۔پروگرام کی نقابت چوہدری عطاء الرحمن نے کی جبکہ اس موقع پر سکول کے بچوں کو بہترین کارکردگی پر خصوصی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...