46خصوصی اقتصادی زونز پر کام جاری ، سی پیک کے تحت روزگار کے 8لاکھ مواقع پیدا ہونگے : آئی ایل او

46خصوصی اقتصادی زونز پر کام جاری ، سی پیک کے تحت روزگار کے 8لاکھ مواقع پیدا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (اے پی پی‘ این این آئی)حکومت پاک۔چین اقتصادی راہداری کے روٹ پر 46 خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کیلئے کام کر رہی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق دسمبر 2016ء میں مشترکہ مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں 9 اقتصادی زونز کو ترجیحی اقتصادی زونز کا درجہ دیا گیا تھا جبکہ باقی زونز طویل المیعاد منصوبہ کے تحت مکمل ہوں گے، حکومت ان اقتصادی زونز کے قیام اور اس کی تکمیل کے عمل میں پرعزم ہے، ان زونز کو چینی یا پاکستانی کمپنیاں تعمیر کریں گی اور اس ضمن میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے۔ ان اقتصادی زونز میں تیار ہونے والی مصنوعات کو نہ صرف مقامی مارکیٹ میں استعمال میں لایا جائے گا بلکہ اسے برآمد بھی کیا جا سکے گا اور اس پر کوئی کسٹم ڈیوٹی بھی نہیں ہو گی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ترغیب ہو گی۔ بورڈ کے مطابق حکومت نے ان اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو تمام مطلوبہ سہولیات اور سیکورٹی کی فراہمی کا عزم ظاہر کر رکھا ہے۔ اقتصادی زونز کے جائے قیام، وہاں پر استعمال ہونے والے خام مال، ہنرمند افرادی قوت اور ملک کے دوسرے حصوں تک اس کی رسائی کے ضمن میں ہر ایک اقتصادی زون کی الگ پہچان ہو گی۔ 1985ء سے 1995ء اور 2009ء سے 2015ء تک چین نے اقتصادی زون کے قیام کا وسیع تجربہ حاصل کیا ہے اور پاکستان چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ دیں اثنائانٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن سمیت مختلف اداروں نے کہاہے کہ اقتصادی راہداری(سی پیک)منصوبوں کے تحت پاکستان میں مزدوری کے علاوہ انجینئرنگ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد کو بھی بڑی تعداد میں روزگار فراہم ہوگا۔انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن سمیت مختلف اداروں نے کہاکہ اقتصادی راہداری(سی پیک)کے تحت پاکستان میں براہ راست روزگار کے 4 سے 8 لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے، سی پیک منصوبوں کے تحت پاکستان میں مزدوری کے علاوہ انجینئرنگ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد کو بھی بڑی تعداد میں روزگار فراہم ہوگا۔دستاویز کے مطابق مختلف اداروں کا کہنا ہے کہ سی پیک سے بیروزگار نوجوانوں کوبڑے پیمانے پر نوکریاں ملیں گی، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کاکہنا ہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں روزگار کے 4 لاکھ سے زائد نئے مواقع پیدا ہوں گے، اپلائیڈ اکنامک ریسرچ سینٹر(اے ای آرسی)نے ملازمتوں کے 7 لاکھ سے زائد مواقع کے اندازہ لگایا ہے جبکہ منصوبہ بندی کمیشن کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان میں2030 تک روزگار کے 8 لاکھ سے زائد نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید :

کامرس -