حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے سے لڑکیوں کا سکول تباہ
صنعاء(این این آئی)یمن کے حوثی شدت پسندوں نے مغربی یمن کی الحدیدہ گورنری کے وسطی شہر الخوخہ میں قائم لڑکیوں کے سکول پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں اسکول تباہ ہو گیا۔خیال رہے کہ الخوخہ شہر کو یمنی فوج نے ایک ماہ قبل دسمبر کے اوائل میں حوثی باغیوں سے آزاد کرایا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کی ویب سائٹ پر پوسٹ ایک خبر میں بتایا گیا کہ حوثیوں نے الخوخہ شہر میں قائم لڑکیوں کے ایک اسکول پر بیلسٹک میزائل داغا جس کے نتیجے میں اسکول بری طرح متاثر ہوا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ متاثرہ اسکول شہر کے نمایاں اسکولوں میں شمار ہوتا ہے۔میزائل حملے میں اسکول کے بعض حصے مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔ میزائل کے ٹکڑوں نے اسکول کے اطراف میں قائم گھروں کو بھی متاثر کیا۔ کئی گھروں کی کھڑیاں اور دروازے ٹوٹ گئے۔حوثیوں کی طرف سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کے باعث الخوخہ میں سخت خوف وہراس کی فضاء پائی جا رہی ہے۔ تاہم اس حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔