چینی سمندر میں آئل ٹینکر اور مال بردار جہاز کا تصادم عملے کے 32ارکان لاپتہ

چینی سمندر میں آئل ٹینکر اور مال بردار جہاز کا تصادم عملے کے 32ارکان لاپتہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 بیجنگ (آئی این پی )چین کے مشرقی ساحل سے پرے ایک ایرانی تیل بردار جہاز ایک بہت بڑے مال بردار جہاز کے ساتھ ٹکراگیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی ، حکام نے بتایا کہ اس اندوہناک حادثے میں عملے کے 32ارکان لاپتہ ہیں جن میں زیادہ تر ایرانی شامل ہیں، یہ ٹینکر جو136000ٹن تیل لے کر جارہا تھا ، اتوار کی رات کو تصادم کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور اس کے تیس ایرانیوں اور دو بنگلہ دیشی عملے کے ارکان پر مشتمل 32افراد لاپتہ ہو گئے ہیں، چینی میری ٹائم اتھارٹیز نے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لئے آٹھ جہاز روانہ کئے ہیں، چین کی سرکاری خبررساں ایجنسی زنہوا کے مطابق جنوبی کوریا نے ایک طیارہ اور کوسٹ گارڈ جہاز بھیجا ہے تا کہ امدادی کارروائیوں میں مدد دی جا سکے ، پاناما میں رجسٹرڈ یہ ٹینکر جہاز ایران سے جنوبی کوریا جارہا تھا ۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق بدقسمت ٹینکر ساحل سمندر سے 257کلو میٹر (160) میل دور ہانگ کانگ میں رجسٹرڈ بہت بڑے مال بردار جہاز سی ایف کرسٹن سے ٹکر اگیا ، ٹینکر میں اتوار تک آگ بھڑک رہی تھی ،سرکاری ٹیلی ویژن چینل سی سی ٹی وی کی طرف سے ٹیلی کاسٹ کی جانیوالی تصاویر میں جہاز کو شدید آگ اور سیاہ دھوئیں گہرے بادلوں میں لپٹا ہوا دکھایا ہے، حادثہ میں ملوث دوسرا جہاز ہانگ کانگ کا پرچم بردار مال بردار جہاز تھا جس میں 64000ٹن اناج لدا ہواتھا ۔وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ دوسرے جہاز کو نقصان پہنچا ہے تا کہ جہاز کی سیفٹی کو کوئی گزند نہیں پہنچی ہے اور اس کے عملے کے 21چینی ارکان کو بچا لیا گیا ہے ، فوری طورپر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ۔وزارت کے مطابق ٹینکر آگ کی وجہ سے مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے،چینی حکام لاپتہ افراد کو بچانے اورامدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ وزارت کے مطابق سمندر کی سطح پر رسا ہوا تیل موجودہے ۔

مزید :

عالمی منظر -