چین نے روہنگیاؤں کیلئے 100تیار شدہ مکانات میانمار حکام کے حوالے کر دیئے
رکھائن (آئی این پی ) چین نے میانمار کی مغربی ریاست رکھائن کے بے گھر افراد کے لیے100تیار شدہ مکانات میانمار حکام کے حوالے کر تے ہوئے مذکورہ علاقے میں تنازعے کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی امداد جاری رکھنے کا عزم کیا ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین نے میانمار کی مغربی ریاست رکھائن کے بے گھر افراد کے لیے ایک سو تیار شدہ مکانات میانمار حکام کے حوالے کر دیے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میانمار میں چینی سفیر ہونگ لیانگ نے چین کی جانب سے مذکورہ علاقے میں تنازعے کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی امداد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کیوک پھو خصوصی اقتصادی زون تعمیر کرنا چاہتا ہے تا کہ علاقے کی معیشت کو فروغ مل سکے۔چین کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تیار شدہ مکانات8 شدت کے زلزلے کو برداشت کر سکتے ہیں جبکہ ہر مکان میں آٹھ افراد کے رہنے کی گنجائش ہے اور بیس سال تک یہ تیار شدہ مکانات قابل استعمال ہیں۔ میانمار کے وزیر تعمیرات نے چین کی جانب سے تیار شدہ مکانات کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔