زند ہ دلان لاہور الیکشن میں ن لیگ کی ہمیشہ کیلئے چھٹی کرا دیں گے، شعیب صدیقی
(جنرل رپورٹر )پنجاب اسمبلی کے رکن محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ لاہور کے تمام ہسپتال ،تعلیمی ادارے اور تھانے نام نہاد خادم اعلیٰ کی گڈ گورننس کا منہ چڑانے کیلئے کافی ہیں ، چیف جسٹس آف پاکستان کے نوٹس کو ہر شہری سراہتا ہے اور ایک مرتبہ پھر اورنج ٹرین کے بارے میں پی ٹی آئی کا موقف درست ثابت ہوا ہے کہ جس شہر میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہ ہو وہاں اربوں روپے کے ایسے منصوبے کیونکر لگائے جا سکتے ہیں؟شعیب صدیقی نے پی پی147کے مرکزی دفتر گڑھی شاہو میں منعقد کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زند ہ دلان لاہور آئندہ الیکشن میں نا اہل لیگ کی ہمیشہ کیلئے چھٹی کرا دیں گے اور گزشتہ35سال سے قائم تخت لاہور کا دھڑن تختہ کر دیں گے ،انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے شہباز شریف کو بتانا چاہیے کہ گزشتہ10برسوں کے مسلسل اقتدار میں انہوں نے لاہور میں کونسانیا ہسپتال ، تعلیمی ادارہ یا عوامی خدمت کا کوئی اور مرکز قائم کیا ہے بلکہ انہوں نے پہلے سے موجود ہسپتالوں کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے شعیب صدیقی نے چیلنج کیا کہ لاہور شہر کی ہر سیٹ پر تحریک انصاف بڑی کامیابی حاصل کرے گی اور عوام حکمرانوں کو ضرور آئینہ دکھائیں گے ،شعیب صدیقی نے پی پی147کے مختلف علاقوں ریلوے کالونی ، باجا لائن ،گوشت مارکیٹ اور گڑھی شاہو کا دورہ اور مختلف پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں اور مشاورت کی انہوں نے لوگوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کا یقین دلایا،اس موقع پر ناصر صدیقی ، ملک جاوید یوسف ،حافظ رضوان ، مبین کمبوہ،حافظ عامر مغل اور محمد علی بھی موجود تھے۔