خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام پر عمل درآمد کو عملی جامہ پہنادیا گیا : منشا ء اللہ بٹ
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور اگر ہم اپنی زندگی میں صفائی ستھرائی کو بقدر شامل کرلیں تو نہ صرف انسانی معاشرے سے مختلف بیماریوں کا خاتمہ ہو جائے بلکہ عمومی رہن سہن پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف جو صوبہ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرگرداں ہیں انہوں نے بڑے شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا کامیاب تجربہ کیا ہے جسے اب قدرے مختلف انداز میں دیہات تک پھیلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے کیونکہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ دیہات میں آباد ہے اورہر گاؤں تک صحت مند زندگی کی سہولیات کی فراہمی اور لوگوں میں حفظان صحت کے اصولوں کا شعور بیدار کرکے قدرے آسانی سے صحت مند معاشرے کا قیام ممکن ہوگا۔حکومت پنجاب نے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام پر عمل در آمد کو عملی جامہ پہنا دیا ہے۔ جس کے تحت پہلی بار دیہات کی صفائی کا باقاعدہ نظام وضع کیا گیا ہے۔ ہر گاؤں کے نکاسی آب کے نظام، گلیوں کی صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو لینڈ فل سائیٹ میں ٹھکانے لگانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اختیار کی جارہی ہے۔ اچھی ساکھ کے حامل ٹھیکیداروں کو چھ ماہ کا کارکردگی سے مشروط ٹھیکہ دیا جائے گا۔ کوڑا کرکٹ اٹھانے والے ٹریکٹرز اور مشینری پر ٹریکنگ سسٹم اور صفائی کے جاری پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ابتدائی پروگرام میں بہترین کارکردگی کے حامل تین اضلاع کو انعامات بھی دیں گے جبکہ اس پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی ہوگا اور وضع کردہ پالیسی کی خلا ف ورزی پرسخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔منصوبے کے مطابق لیبر کا معاوضہ یونین کونسل کے فنڈز سے اور مشینری کی فراہمی ضلعی سطح سے کی جائے گی۔ ہر یونین کونسل میں کم از کم 6سینٹری ورکرز کا سٹاف تعینات کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے عوام الناس کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے تاکہ ہر محلہ ، ہر گلی کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جا سکے اور عمومی رویوں کو حفظان صحت کے اصولوں کا پابند بنایا جا سکے۔