کراچی میں امن شہریوں کیلئے نواز شریف کا تحفہ ،مشاہداللہ
کراچی (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے سندھ بالخصوص کراچی میں مسلم لیگ کے تنظیمی معاملات کو ٹھیک کرنے، پارٹی میں دھڑے بندی اور کارکنوں میں موجود احساس محرومیوں کے خاتمے کے لئے مشاورتی عمل کا آغاز کردیا ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں مشاہد اللہ خان کی صدارت میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سید منور رضا، امان آفریدی، چوہدری نوازاولکھ، ندیم اخترآرائیں،حبیب الرحمن،علی اکبرگجر، حاجی شاہجہان، ناصرالدین محمود،عبدالحمیدبٹ، زاہدعلی شاہ،اسلم خٹک،عاشق گجر، شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختر،جمیلہ ظفر، شہنازاختر، پروین بشیراوردیگرنے شرکت کی ۔کراچی کی قیادت نے تجاویز پیش کیں اورمسائل سے آگاہ کیا۔مخالفین پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کیلئے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں۔ عوام اپنا حق رائے دہی کسی غیر ملک کے کہنے پر استعمال نہیں کرتے ۔ کراچی میں قیام امن شہر قائد کے باسیوں کے لیے نواز شریف کا تحفہ ہے ۔ آئندہ عام انتخابات میں عوامی ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگا۔شہر میں قیام امن کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت اقدامات کررہی ہے ۔گرین لائن بس منصوبے ،پانی کے منصوبے K-4اور کراچی کے پیکج کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا ۔ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیربنادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھاری تعداد میں ووٹ دیئے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کراچی بھی نواز شریف کے چاہنے والوں کا شہر ہے ۔مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے،مخالف سیاسی جماعت کے رہنما نے جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کو پروان چڑھایا، تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے بار بار موقف بدلنے کو تبدیلی سمجھ رکھا ہے، عمران خان کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کی مخالفت بہت مہنگی پڑے گی۔
مشاہداللہ خان