گیس کی قلت کے باعث ایل پی جی نایاب، لکڑیاں مہنگی

گیس کی قلت کے باعث ایل پی جی نایاب، لکڑیاں مہنگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (خبرنگار) گیس کی قلت کے باعث ایل پی جی نایاب جبکہ لکڑیاں مہنگے داموں فروخت ہونے لگی ہیں، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی لہر کے ساتھ ہی گیس کی قلت نے زور پکڑ لیا ہے، جس کے باعث لاہور کے اکثر علاقوں میں گیس کی کمی پر گھروں کے چولھے ٹھنڈے ہوکر رہ گئے ہیں، جس پر صارفین نے ایل پی جی اور لکڑیوں کا استعمال شروع کر دیا ہے، ایل پی جی 130 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے اور اس کے باوجود ایل پی جی نایاب ہوکر رہ گئی ہے جبکہ ایل پی جی کے ساتھ لکڑیاں بھی مہنگے داموں فروخت ہونے لگیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال لکڑیاں 500 سے 600 روپے فی من تھی جبکہ اس سال لکڑیاں 200 سے 300 روپے فی من کے اضافے کے ساتھ 700 سے 800 فی من میں فروخت ہو رہی ہیں۔ حکومت گیس کی قلت پر قابو پائے، تاکہ ایل پی جی اور مہنگے داموں فروخت ہونے والی فیکٹریوں سے جان چھوٹ سکے۔ باغبانپورہ، شالامار، رشید پورہ، کوٹلی پیر عبدالرحمن، غازی آباد، ہربنس پورہ،تاج پورہ، کوٹ خواجہ سعید، سنگھ پورہ اور سمن آباد سمیت ساندہ میں مکینوں کو گیس کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے شہری سراپا احتجاج بنے رہے ۔ جی ایم سوئی گیس لاہور ریجن قیصر مسعود کا کہنا ہے کہ شالامار سکھ نہر کے قریب اورنج ٹرین لائن کے اسٹیشن کے قریب گیس کی مین سپلائی لائن کو تبدیل کیا جا رہا ہے جس کے باعث شالامار، سکھ نہر اور اردگرد کے 10 علاقوں میں گیس کی سپلائی معطل تھی، جو کہ اب گیس کی سپلائی لائن کو مرمت اور تبدیل کرلیا گیا ہے اور گیس کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔
گیس

مزید :

صفحہ آخر -