پاکستان اورچین خصوصی صنعتی زون کیلئے پر عزم ہیں،مسعود خالد
بیجنگ (آئی این پی ) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی تعاون سی پیک کا ایک اہم جزو ہے،چین کے پاس صنعتی پارکس اور اقتصادی زونز کا وسیع تجربہ ہے،چین کی حمایت سے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا سکیں گے، اس سے پا کستان کی معیشت کو فروغ ملے گا اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ چائنہ رریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان سی پیک کے تحت صنعتی تعاون اور صنعتی زونز کے قیام کے حوالے سے عالمی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے سفیر مسعود خالد نے کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے تزویراتی شراکت دار ہیں اور دونوں ملکوں کی دوستی کی جڑیں تاریخی اعتبار سے بے حد گہری ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی وقت کے ساتھ مزید فروغ پاتی رہی ہے اور خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی چین پاک دوستانہ تعلقات ایک مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے اور دونوں ملکوں کی اعلی قیادت کے وژن کا عکاس ہے۔ سی پیک منصوبہ جات کی بدولت پاکستان میں توانائی کے بحران پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے ، گوادر بندرگاہ فعال ہو چکی ہے جبکہ بنیادی تنصیبات کے دیگر منصوبوں پر بھی کام بھر پور انداز سے جاری ہے۔مسعود خالد نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی کامیاب تکمیل کے لیے پر عزم ہے اور حکومت پاکستان نے سی پیک کے منصوبہ جات پر کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔
مسعود خالد