حملہ ہوا تو غزہ کو دشمن کا قبرستان بنا دیں گی ، قومی مزاحمتی بریگیڈ کی دھمکی
غزہ (یواین پی)فلسطینی جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے عسکری ونگ قومی مزاحمتی بریگیڈ نے ایک بیان میں صہیونی دشمن کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس دشمن نے غزہ کی پٹی پرچڑھائی کی حماقت کی تو غزہ کو دشمن فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی مزاحمتی بریگیڈ کی طرف سے’’ موت کی کمین گاہیں تمہاری منتظر ہیں ‘‘کے عنوان سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دشمن کو چیلنج کیا گیا ہے کہ اگر اس نے غزہ کی پٹی پر چڑھائی کی حماقت کی تو اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔فوٹیج میں تنظیم کے کارکنوں اور مجاھدین کو جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کرنے والے راکٹ اٹھائے دکھایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مجاہدین صہیونی دشمن کی جارحیت کا جواب دینے اور قوم کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ دشمن کو بھاری جانی نقصان سے دوچار کرنے کے لیے تمام جدید جنگی وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔