پاکستان میں بحران رات 8بجے شروع ہوتا،ہمارا میڈیا ستیاناس دکھاتا ہے :احسن اقبال
نارووال(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں بحران رات 8بجے شروع ہوتا ہے ،ہمارا میڈیا ستیاناس دکھاتا ہے جبکہ دیگر ممالک میں میڈیا ترقی دکھاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں پاکستان کو آگے لے جا نے میں نوجوان اپنا کردار ادا کریں،آج پاکستان دینا میں نیو کلیئر پاور بن چکا ہے ،آج پاکستان میں موٹرسائیکل ،گاڑیوں سے لے کر جے ایف تھنڈ طیارے بن رہے ہیں ۔ہر ملک کے اپنے مسائل ہوتے ہیں ،امریکہ اور برطاینہ میں اپنے مسائل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں یونیورسٹی آف گجرات کے نارووال کیمپس میں طلبا و طالبات سے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جو قوم محنت اور خود اعتمادی سے آگے نہ بڑھیں وہ پیچھے رہ جاتی ہیں ،احسن اقبال نے کہا کہ میں کسی جاگیردار یا سرمایہ دار کا بیٹا نہیں ہوں ،محنت کشوں اور غریبوں کے بچوں کیلئے ان کے اضلاع میں یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں،پاکستان میں تعلیم کے ذریعے تبدیلی آرہی ہے،تعلیم سے طالبعلم دنیا کی ہررکاوٹ کو توڑ سکتے ہیں،تعلیم کامقصد صرف نوکری کرنا ہی نہیں ہوتا بلکہ بہتر زندگی گزارنے کیلئے ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم کامیاب نہیں ہوسکتی ،پاکستان کی یونیورسٹیوں میں صرف پاکستانی نوجوان تعلیم نہیں بلکہ دینا بھر کے طالبعلم تعلیم حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت گوادر سے پشاور تک ہر ضلع میں یونیورسٹیوں کا جال بچھا رہی ہے کیونکہ آج ہم ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں علم کی بڑی اہمیت ہے، 2013میں ملک کودہشت گردی اور بجلی کے بحران کا سامنا تھا کراچی میں اغوا برائے تاوان ٹارگٹ کلنگ زوروں پر تھی ،تاجر برادری اور بزنس مین پریشان تھے ۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جدوجہد کی اور ملک میں قیام امن کیساتھ ساتھ ملک سے دہشت گردی اور بجلی کے بحران کا خاتمہ بھی ممکن ہوا۔
احسن اقبال