اعلٰی افسران ڈیوٹی سے غائب ماتحت بھی نقش قدم پر سائلین خوار
ملتان ( سٹاف رپورٹر )سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ( ایس این جی پی ایل)ملتان ریجن کے جنرل منیجر سمیت اعلی ٰ افسرو ں واہلکاروں نے غیر حاضری اور ڈیوٹی سے غائب رہنا معمول بنا لیا۔ سائلین دفتر کے چکر پر چکر لگانے پر مجبور ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ سوئی گیس ناردرن ملتان ریجن کے جنرل منیجرمیر بہادرخان بگٹی نے غیر حاضری اور ڈیوٹی سے غائب ہونا معمول بنالیا ہے ۔ ان کی دیکھا دیکھی دیگر افسران بھی اکثرغائب رہتے ہیں جس کے باعث ماتحت(بقیہ نمبر60صفحہ12پر )
افسر و اہلکار بھی ڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں ۔ جی ایم بہادر خان بگٹی بہاولپور میں رہتے ہیں ۔ سوئی گیس دفتر میں ہفتے اور اتوار کو سرکاری چھٹی ہوتی ہے جبکہ باقی 5روز بھی جی ایم بمشکل 2 رو ز دفتر آتے ہیں اور ان کی کوئی ٹائمنگ نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے دن 12بجے کے بعدسائلین کا دفتر میں داخلہ بند کر رکھا ہے جبکہ ان کے پیشرو جی ایم نے افسروں واہلکاروں کو حکم دیا تھا کہ شام 5بجے تک دفتر میں بیٹھیں اور سائلین کے کام کریں ۔جی ایم بہادرخان بگٹی کی دیکھا دیکھی دیگر افسران بھی ڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں جس سے سائلین کے مسائل گھمبیر ہو چکے ہیں ۔ سوئی گیس عملے کا کہنا ہے کہ ’’گھر والا گھر نہیں ‘ہمیں کسی کا ڈر نہیں‘‘۔ سائلین روزانہ نئے کنکشنوں اور دیگر کاموں کے لئے سوئی گیس آفس کے دھکے کھا رہے ہیں مگر ان کی کوئی سننے والا نہیں ہے ۔سائلین نے ایم ڈی سوئی گیس اور وزارت قدرتی وسائل سے صورتحال کا نوٹس لینے اور اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔