2018ء انتخابات میں تحریک انصاف سب جماعتوں کا صفایا کر دیگی، عاطف خان
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم و توانائی اور پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ جسطرح لوگ جوق درجو ق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ، اس ظاہر ہوتا ہے کہ سال 2018کے الیکشن کی سونامی سارے پارٹیوں کو بہا لے جائیگی۔ پھر یہاں پر میرٹ اور انصاف کا بول بالا ہوگا جبکہ کرپٹ اور چور سیاستدانوں سے عوام کی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائیگا۔ وہ سکندری مردان میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ جلسے سے ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گل رحمان کاکا، نوید ، عبد اللہ ،لیاقت ، شیر علی، وقار ، حلیم کاکا، اور گوہر علی بشمول دیگر نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ محمد عاطف خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور حق اور سچ کی راہ اختیار کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی ساڑھے چار سالہ کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہم نے الیکشن سے پہلے عوام سے جتنے وعدے کئے ہیں ان کو احسن طریقے سے پورا کیا ہے ہم نے صوبے میں امن کو بحال کیا ہے، اداروں کومضبوط بنایا ہے ، حق دار کو اسکا حق اسکی دہلیز پرفراہم کیا ہے ۔ ہم سے پہلے حکمرانوں نے عوام کا نہ صرف پیسہ لوٹا تھا بلکہ صوبے کا امن بھی بری طرح تباہ کیا تھا۔ ادارے سیاسی مداخلت کی وجہ سے مفلوج ہوچکے تھے۔ پختونوں کے نام پر ووٹ لیکر کرپشن کا بازار گرم کردیا گیا تھا۔ انکی غلط پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے پختونوں کا نام بد نام ہوا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا ہے سیاستدان ووٹ لیکر عوام کو بھول جاتے ہیں اور ٹھیکوں، نوکریوں، کرپشن، اور سیاسی اداروں میں مداخلت کرتے ہیں جسکی وجہ سے غریب عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے صحت اور تعلیم جو ہر انسان کی بنیادی ضروریا ت ہیں پر پہلی توجہ دی اور آج اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے ہمارے یہ ادارے عوام کو بہترین سہولیات خدمات فراہم کررہے ہیں ، ہم نے پولیس سے سیاسی مداخلت ختم کردی اور آج وہی پولیس حقیقی معنوں میں عوام کے جان و مال کی محافظ بن گئی ہے۔ ہم نے پٹوار اور دوسرے اداروں میں اصلاحات کئے ان کو خو د مختار بنایا ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ یہ تو نئے پاکستان کی صرف ایک جھلک تھی اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا اور پورے ملک میں ہماری حکومت آگئی تو یہاں کے نوجوانان کو بیرون ممالک روزگار کیلئے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ پاکستان میں سب کچھ ہے ، ضرورت صرف ایماندار اور مخلص قیاد ت کی ہے جو عمران خان کی صورت میں موجود ہے۔